افغانستان، جنگ بندی کے پہلے دن مسلح جھڑپیں، پندرہ ہلاک
May ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
شمالی افغانستان کے صوبہ تخار اور بغلان میں مسلح افراد کے درمیان جھڑپ میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبہ تخار کے پولیس ترجمان خلیل اسیر نے بتایا ہے کہ افغانستان کے دو صوبوں بغلان اور تخار میں ہونے والی جھڑپوں میں جو عید کی تعطیلات کے پہلے ہی دن شروع ہوگئی ہیں، پندرہ افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔
افغان جنگ کے اصلی فریق شمار ہونے والے جنگ پسند طالبان گروہ نے عید الفطر کی آمد پر تین روز کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت افغانستان نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کو جنگ بندی کا فرمان جاری کر دیا ہے۔ عید فطر کی تعطیلات کے پہلے ہی دن جنگ بندی کی خلاف ورزی پر کسی حکومتی عہدیدار کی طرف سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔