پاک و ہند کے ذرائع ابلاغ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب کا بڑے پیمانے پر انعکاس
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی اکتیسویں برسی کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب کا عالمی سطح پر خاص طور سے پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔
پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ کی شہ سرخی: جارج فلائیڈ کا قتل امریکا کا اصل چہرہ ہے، آیت اللہ علی خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ سیاہ فام جارج فلائیڈ کا قتل امریکا کا اصل چہرہ ہے۔ انقلاب ایران کے بانی آیت اللہ خمینی کی 31ویں برسی کے موقع پر خطاب میں آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا میں جاری مظاہروں میں ’سانس نہیں لے پا رہا ہوں‘ کا نعرہ عوام کا نعرہ بن چکا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ یہ نعرہ درحقیقت ان تمام اقوام کے دل کی آواز ہے جہاں امریکا نے ظلم کے پہاڑ ڈھائے ہیں۔ آج جو کچھ امریکا کے شہروں اور ریاستوں میں نظر آ رہا ہے وہ ان حقائق کی جھلک ہے جنہیں ہمیشہ پوشیدہ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ یہ وہی برتاؤ ہے جو امریکیوں نے افغانستان، عراق، شام اور ویت نام سمیت ساری دنیا کے ساتھ روا رکھا۔
ہندوستان سے شائع ہونے والے اخبار آ ٹائمز آف انڈیا نے اپنے آج کے شمارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب کے حوالے سے لکھا کہ رہبر نے امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل اور انسانی حقوق کے دوہرے معیار پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے فرمایا کہ امریکی سیکیورٹی اہلکار دن دھاڑے عوام کا قتل کرتے ہیں اور پھر معذرت خواہی بھی نہیں کرتے۔
نیوز 18 کی شہ سرخی: سیاہ فام امریکی کا قتل امریکا کا حقیقی چہرہ ہے
آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی سیاہ فام باشندے جارج فلائیڈ کے قتل کو امریکہ کا اصل چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کے اقدامات کی وجہ سے پوری دنیا میں امریکہ رسوا ہوا ہے۔