Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۲ Asia/Tehran
  • اسرائيل کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے چالیس عرب و اسلامی ملکوں کو ہنیہ کا خط

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے چالیس عرب اور اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو الگ الگ خط بھیج کر غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں ملحق کرنے کی اسرائيل سازش کو ناکام بنانے کے لیے ان کی جانب سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

صیہونی حکومت، امریکی و صیہونی سازش "سینچری ڈیل" کی بنیاد پر اور ٹرمپ حکومت کی حمایت کے سائے میں پہلی جولائي کو غرب اردن کی تیس فیصد اراضی کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ فلسطین پریس سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے ان خطوط میں کہا ہے کہ غرب اردن کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کا منصوبہ، فلسطین اور عرب و اسلامی امت کے آج اور کل کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے۔

 

انھوں نے عرب اور اسلامی ملکوں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ غرب اردن اور بیت المقدس کے الحاق کے اس اسرائيلی منصوبے کے خلاف فلسطینیوں کے متحدہ موقف کی حمایت میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں۔ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے اسی طرح فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی، مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور بیت المقدس کے دارالحکومت والے ایک خودمختار ملک کی تشکیل کے سلسلے میں فلسطینیوں کے قومی منصوبے کی حمایت کے لیے ماحول سازگار بنانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی ہے۔

ٹیگس