افغان سیکورٹی اہلکاروں پر طالبان کا حملہ
Jun ۱۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
افغانستان کے صوبے غور میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں سات افراد مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پسابند نامی علاقے کے پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ طالبان گروہ کے افراد نے صوبے غور میں یہ حملہ کیا جس میں سات سیکورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ ابھی تک اس حملے کے بارے میں طالبان گروہ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
افغانستان سے ہی ایک اور خبر یہ ہے صوبے خوست میں ہونے والی مسلح جھڑپ میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ صوبے خوست کے گورنر ہاؤس کے ترجمان طالب مینگل نے بتایا ہے کہ علی شیر کے علاقے میں یہ مسلح جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب مسلح افراد نے حزب اسلامی کے ایک رکن عبد الولی اخلاص پر حملہ کر دیا جس میں وہ مارے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کا عمل شروع ہو گیا ہے اور ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔