افغانستان: طالبان نے مزید افغان قیدی رہا کر دیئے
طالبان نے افغانستان کی حکومت کے مزید 34 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
کابل سے آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان نے بغلان میں قید 34 افغان قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ اس بیان میں 34 قیدیوں کی آزادی کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔ طالبان نے اب تک افغانستان کی حکومت کے 400 قیدیوں جبکہ افغان حکومت نے اب تک 3000 طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔
امریکا نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔