شام میں کار بم دھماکہ 11 جاں بحق و زخمی
شامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صوبہ رقہ کے شہر تل ابیض میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق ہونے والے کار بم دھماکے میں 3 شہری جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔
تل ابیض شہر صوبہ رقہ کے شمال میں واقع ہے اور شام اور ترکی کی سرحد کے قریب ہے۔
ترکی کی جانب سے شام کے شمالی شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد سے ان شہروں میں موٹر سائیکل اور کار بم دھماکے ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی گزشتہ 3 برسوں سے شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک میں موجود ہے اور دہشت گردوں سے مقابلے کے بہانے ترکی کی فوج نے شام کے کچھ علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے جہاں پر یہ فوجی اب بھی موجود ہیں جس پر اسے عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترکی، شام میں سرگرم کئی دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتا ہے۔
شام کا بحران 2011 میں اُس وقت شروع ہوا جب ترکی، سعودی عرب، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے خطے کے موجودہ حالات کا رخ صیہونی ٹولے کے حق میں موڑنے کے لئے شام پر چڑھائی کی۔
اس وقت شام، ایران اور روس کی مدد سے مغربی اور عرب ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف بر سر پیکار ہے۔