طالبان کے حملوں پر افغان صدر کا سخت رد عمل
افغانستان کے صدر نے طالبان کی جانب سے ہونے والے حملوں، دھماکوں اور پر تشدد کارروائیوں کو امن عمل کو نقصان پہنچانے سے تعبیر کیا ہے۔
آوا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کل بلخ شہر میں افغان فورسز کے خلاف طالبان کے حملوں پر سخت رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ طالبان کے اس قسم کے حملوں سے امن عمل خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
افغانستان کے صدر نے کہا کہ طالبان نے دوحہ معاہدے کے خلاف اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ کل افغانستان میں خود کش بمبار نے نیشنل آرمی کمانڈوز کے کمپاؤنڈ پر بارودی مواد سے بھرے ٹرک کو ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہوگئےجن میں سے 6 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی تمام عمارتیں لرز اٹھیں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کے نتیجے میں 5 ہزار طالبان اسیروں کی رہائی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور جلد ہی بین الافغان مذاکرات شروع ہونے والے ہیں۔