Sep ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران و افغانستان تجارتی تعاون کو فروغ دیں گے

حکومت افغانستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے

افغان ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق افغانستان کے اعلیٰ حکام تجارتی تعلقات کے تعلق سے ایران کو ایک اہم شریک کا درجہ دیتے ہیں۔ اسی تناظر میں افغانستان کے نائب وزیر خارجہ ڈائرکٹر میرویس ناب نے ایران میں ہونے والے افغان تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اجلاس میں ایران کو افغانستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر قرار دیا۔ اس اجلاس میں کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر بھی موجود تھے۔

افغان نائب وزیر خارجہ میرویس ناب نے افغانستان اور ایران کے درمیان موجود تجارتی وسائل و ذرائع اور توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کابل تہران تاجروں کے مشترکہ ایوان تجارت کی سرگرمیوں کا مقصد تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے ایران میں افغان حکومت کی ترجیحات، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کے فروغ، حالات سازگار بنانے اور مواقع و وسائل کی فراہمی پر زور دیا۔

کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر بہادر امینیان نے بھی اس نشست میں ایران میں افغان تاجروں کے مسائل کو اہم قرار دیا اور اس سلسلے میں موجود بعض مشکلات کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ہی دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔

ایران کے سفیر نے کہا کہ کابل میں ایرانی سفارت خانہ افغان تاجروں اور ان کے اہل خانہ کے لئے بروقت ویزا جاری کرنے جیسے تمام متعلقہ مسائل کا جائزہ لینے اور لازمی تعاون کے لئے تیار ہے۔

ٹیگس