ماہر الاخرس کی بھوک ہڑتال کا بیاسیواں دن
صیہونی جیل خانے میں قید رکھے جانے کے خلاف احتجاج کے طور پر فلسطینی قیدی ماہر الاخرس کی بھوک ہڑتال بیاسیویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی جیل خانے میں قید رکھے جانے کے خلاف احتجاج کے طور پر فلسطینی قیدی ماہر الاخرس کی بھوک ہڑتال کی وجہ سے حالت بگڑتی جا رہی ہے اور اس فلسطینی قیدی کی کبھی بھی شہادت واقع ہو سکتی ہے۔ دریں اثنا صیہونی جیل خانے عوفر میں کی جانے والی اس بھوک ہڑتال میں مختلف فلسطینی گروہوں منجملہ حماس، جہاد اسلامی، فتح اور دیگر فلسطینی گروہوں کے چالیس اور قیدی بھی شامل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی امن کوآرڈینیٹر نکولائی ملادینوف کے حوالے سے ماہر الاخرس کی حالت کو نہایت تشویش ناک قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں چار ہزار آٹھ سو فلسطینی قیدی موجود ہیں جن میں اکتالیس خواتین اور ایک سو چالیس بچے شامل ہیں جبکہ تین سو چالیس ایسے قیدی بھی موجود ہیں جن پر کوئی الزام یا فرد جرم تک عائد نہیں کی گئی ہے۔