اٹھائیس صفر کے موقع پر الحشدالشعبی کی جانب سے خصوصی خدمات اور سیکورٹی انتظامات کا اعلان
عراقی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے کہا ہے پیغمبر اسلام اور امام حسن مجتبی علیھماالسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے نجف اشرف میں خصوصی سیکورٹی انتظامات اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔
عراقی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے نائب سربراہ عدنان النجار نے اعلان کیا ہے کہ یہ فورس اٹھائیس صفر کو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے یوم رحلت اور امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر زائرین کو خاص خدمات فراہم کرے گی۔ انھوں نے بتایا کہ سیکورٹی کے لئے نجف اشرف میں بارہ ہزار جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ الحشدالشعبی کے الفرات الاوسط آپریشنل کمانڈر علی الحمدانی نے بھی اعلان کیا ہے کہ امام علی بریگیڈ اور اور علی اکبر بریگیڈ کو نجف اشرف جانے والے راستوں پر تعینات کردیا گیا ہے تاکہ پوری کامیابی سے خصوصی حدمات اور سیکورٹی پروگراموں پر عمل کیا جا سکے۔
اٹھائیس صفر پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتی علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے۔ اس دن اربعین حسینی کی مانند عراق کے مختلف شہروں سے لاکھوں زائرین پیدل چل کر نجف اشرف پہنچتے ہیں اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے روضہ اطہر کی زیارت کرتے ہیں۔