Oct ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے ساتھ دوستی سوڈان کے حق میں نہیں: فلسطینی تنظیمیں

فلسطینی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے سے متعلق سوڈان کی عبوری حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری پر سوڈان کی عبوری حکومت کی مذمت کی ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت اور سوڈان کے درمیان تعلقات کی استواری ایک خطرناک قدم ہے اور اس قدم سے سوڈان کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔

جہاد اسلامی فلسطین نے بھی ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سوڈان کی عبوری حکومت کے سمجھوتے کو فلسطین اور امت مسلمہ سے خیانت اور سوڈان کے تشخص اور اس کے مستقبل کے لئے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی نے بھی ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی استواری سے متعلق سوڈان کی عبوری حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے ترجمان امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ کی شام غاصب صیہونی حکومت اور سوڈان کے درمیان تعلقات برقرار ہو جانے کی خبر دی ہے۔

ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں اعلان کیا  کہ سوڈان اور اسرائیل نے مکمل طور پر دو طرفہ تعلقات بحال کئے جانے کا سمجھوتہ طے کیا ہے۔

اسی اثنا میں امریکہ، صیہونی حکومت اور سوڈان کی عبوری حکومت نے اس سلسلے میں ایک مشترکہ بیان  بھی جاری کیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ عرب ملکوں کے تعلقات کی استواری میں ٹرمپ کی کوششوں کے بعد متحدہ عرب امارات اور بحرین نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ مکمل طور پر سفارتی تعلقات برقرار کرنے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کر دئے تھے جسےعالم اسلام کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب سوڈان کی حزب امت کے سربراہ صادق المہدی نے ایک بیان میں سوڈان کی عبوری فوجی حکومت کو غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی استواری کے نتائج پر خبردار کیا تھا۔

سوڈانی صحافیوں کی یونین  کے سربراہ صادق الرزیقی نے بھی  کہا ہے کہ سوڈان کے عوام غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کئے جانے کے سخت خلاف ہیں۔

ایسے حالات میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے عرب اور بعض اسلامی ممالک میں ہوڑ لگ چلی ہے کہ صیہونی حکومت برسوں سے فلسطینیوں کی سرکوبی کے علاوہ بہت سے عرب اور مسلم علاقوں پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس