فرانسیسی صدر نمبر ایک دہشت گرد ہیں: مفتی اعظم چیچن
چیچنیا کے مفتی اعظم نے فرانس کے صدر کو نمبر ایک دہشت گرد قرار دیا ہے۔
فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کی جانب سے اس کی حمایت سے عالم اسلام میں غم و غصہ جاری ہے اور اسی تناظر میں چیچنیا کے مفتی اعظم نے انھیں "دنیا کا نمبر ایک دہشت گرد" قرار دیا ہے۔
ماسکو ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، چیچنیا کے مفتی اعظم صلاح مضیف کا کہنا ہے کہ میکرون دنیا کے پہلے نمبر کے دہشت گرد ہیں ، کیونکہ انہوں نے پیغمبر اسلام کی توہین کرکے تمام آسمانی مذاہب کی توہین کی ہے۔
مغرب کے اظہار رائے کی آزادی کے بارے میں دوہرے معیاروں کی تنقید کرتے ہوئے چیچنیا کے مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ یہ کیسا انصاف ہے کہ آپ کروڑوں افراد کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کو اظہار رائے کی آزادی قرار دیتے ہیں لیکن ترکی کی جانب سے فرانسیسی صدر کے ذہنی مرض کے علاج کے مشورے پر انقرہ سے اپنا سفیر واپس بلا لیتے ہیں۔
انہوں نے مغربی سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی فاشسٹ ذہنیت اور نسل پرستی کو ترک کریں کیونکہ اب اس کا وقت گزر چکا ہے۔ مسلمان اپنے حقوق سے آگاہ ہو رہے ہیں اور وہ متحد ہوکر اسلام دشمن طاقتوں کے ہر ردعمل کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
دوسری جانب چیچنیا کے صدر رمضان قادر اف نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی تنقید کی اور کہا کہ اگر آپ کسی قاتل کو دہشت گرد قرار دے رہے ہیں تو آپ اس سے سو گنا بدترش ہیں کیونکہ آپ دہشت گردی کو جنم دیتے ہیں اور اسے تحفظ دیتے ہیں، آپ خود کو دہشت گردی کا رہبر کہہ سکتے ہیں۔