Nov ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • فرانسیسی  صدر کے توہین آمیز بیان کے خلاف یمنی عوام کا مظاہرہ

پیغمبر اسلام (ص) کی شان اقدس میں فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج جاری ہے اور اس سلسلے یمنی عوام نے جنوبی یمن کے صوبے عدن کے شہر المعلا میں وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

یمنی عوام نے لبیک یا رسول اللہ کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ فرانسیسی صدر کے پست بیان کی شدید مذمت کی۔اس سے قبل بھی یمنی عوام نے فرانسیسی حکام کے توہین رسالت پر مبنی بیانات کی مذمت میں مظاہرہ کیا تھا۔

کینیڈا کے مسلمانوں نے بھی فرانسیسی حکام کے اسلامو فوبیا والے بیانات کے خلاف احتجاج کے طور پر ٹورنٹو میں فرانسیسی قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔احتجاج کرنے والے کینیڈا کے مسلمانوں نے مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی بند کرو جیسے نعرے بھی لگائے۔کینیڈین مسلمانوں نے کہا کہ ہمارے انبیائے کرام ہمارے لئے بہت محبوب ہیں اور دین اسلام، اسلامی مقدسات اور پیغمبر اکرم (ص) کی شان اقدس میں کسی بھی طرح کی توہین و گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔

فرانسیسی صدر اور حکام کی طرف سے شان رسالتمآب میں گستاخی اور توہین آمیز بیانات کے بعد پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار میں فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں اسلامی جمہوریہ ایران نے فرانسیسی صدر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ رہبرانقلاب اسلامی نے فرانسیسی نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں فرانسیسی صدر کے بیان کو احمقانہ قراردیا ہے۔

ٹیگس