افغانستان میں بد امنی کا سلسلہ جاری، دسیوں جاں بحق و زخمی
افغانستان کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں دسیوں افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
افغانستان کے ایک سیکورٹی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ ہلمند کے گرشک ضلع میں سیکورٹی مرکز پر طالبان کے خود کش حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
ہلمند کے گورنر عمر زواک نے بھی کہا ہے کہ طالبان کے اڈوں پر افغان فوجیوں کے فضائی حملے میں دس طالبان ہلاک ہو گئے۔ صوبہ فاریاب کے ضلع المار کے پولیس ہیڈ کوارٹر کو بھی ایک خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
درایں اثنا صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان دیدار لونگ نے کہا ہے کہ شہر " پل علم " میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں چار پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔ دیدار لونگ نے مزید کہا کہ اس حملے میں پانچ طالبان بھی ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ قندوز کے گورنر کے ترجمان عصمت اللہ مرادی نے بھی کہا ہے کہ ریاست کے ضلع خان آباد میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں چار فوجی مارے گئے جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں ۔