Nov ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۷ Asia/Tehran
  • داعش کی باقیات کے خلاف عراقی فورسز کی کاروائیاں جاری

عراق کی مسلح افواج نے شمالی صوبے کرکوک کی حمرین پہاڑیوں میں داعش دہشت گرد ٹولے کے باقی بچے عناصر کے خلاف وسیع پیمانے پر کاروائی شروع کی ہے۔

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی رسول نے اعلان کیا ہے کہ کرکوک کے علاقے حمرین کے پہاڑی علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، قبائلی جنگجو، العظیم علاقے کے پولیس اہلکار اور عراقی فوج کی پانچویں ڈویژن شامل ہیں۔

یحییٰ رسول کے مطابق کرکوک، دیالہ، نینوا اور الانبار صوبوں میں دہشت گردی کے خلاف مہم کے تحت، کی جانے والی الگ الگ کاروائیوں میں آٹھ داعش دہشت گردوں کو پکڑ لیا گیا۔

عراقی پولیس نے بھی کرکوک کے مختلف علاقوں سے چار دہشت گردوں کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔

عراق میں داعش دہشت گرد ٹولے کی باضابطہ شکست کے اعلان کے باوجود بعض صوبوں میں اسکے کچھ عناصر روپوش ہیں جو گاہے بگاہے دہشت گردانہ حملہ کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس