افغانستان میں بد امنی برقرار، متعدد وارداتوں میں کئی جاں بحق
جنوبی افغانستان میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم سے کم دو عام شہری جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افغانستان کے صوبے قندھار کے پولیس ترجمان جمال ناصر بارک زئی نے کہا ہے کہ صوبے قندہار کے صدر مقام شہر قندھار میں یہ دہشت گردانہ بم دھماکہ ایک موٹر سائیکل کے ذریعے کیا گیا۔ اس واقعے میں دو افراد کے جاں بحق اور بیس افراد زخمی ہو گئے۔
ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
اُدھر صوبہ بدخشاں کے پولیس کمانڈر کے ترجمان ثناء اللہ روحانی نے کہا ہے کہ جمعے کو ضلع مایمی میں شروع ہونے والی ان لڑائیوں میں دونوں جانب سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ صوبہ بدخشاں کے پولیس ترجمان نے کہا کہ طالبان کا مقابلہ کرنے کے لئے افغان فوج کی تازہ دم نفری مایمی بھیجی جا رہی ہے۔
بعض ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ طالبان گروہ نے ضلع مایمی کے سیکورٹی ادارے کی عمارت کو آگ لگا دی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ بعض ذرائع نے جمعرات کو ضلع مائمی پر طالبان کا قبضہ ہو جانے کی خبر دی تھی ۔
ایک ایسے وقت جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے اس طرح کے واقعات میں بھی شدت آگئی ہے