نتن یاہو کے دورے کے بعد، سعودی عرب میں کورونا ختم ہو گیا!!!
صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل کی وزارت صحت نے سعودی عرب کو کورونا وائرس کی 'سبز' لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سبز لسٹ میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے واپس آنے والے افراد کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑتا۔
صیہونی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کو ایک روز قبل محفوظ ممالک والی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا تاہم اس نے ایک بیان میں کہا کہ اس مسئلے کا بنیامن نتن یاہو کے دو روز قبل سعودی شہر نیوم کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
صیہونی حکومت کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے نشریاتی ادارے "کان" کو بتایا کہ یہ عمل بہت سادہ ہے جو ہر دو ہفتے بعد ایک بار ہوتا ہے۔
ہیزی لیوی کا کہنا تھا کہ پچھلی فہرست میں سعودی عرب سرخ ممالک میں شامل تھا تاہم اب وہاں مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اس لیے اسے اب سبز ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کرکے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے نیوم شہر میں ملاقات کی تھی۔
یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ سعودی عرب، اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے والا اگلا عرب ملک ہوسکتا ہے تاہم کچھ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان خفیہ معاہدہ ہو گیا ہے اور وہ عالم اسلام کے شدید رد عمل کی وجہ سے اسے مخفی رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔