شام، امریکی غاصبوں کے خلاف مظاہرے
شام کے شمال مشرقی علاقے کے عوام نے امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا کی کاروائیوں پر اعتراض کرتے ہوئے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شام کے الحسکہ صوبے کے عوام نے سیرین ڈیموکریٹک فورس نامی کرد ملیشیا اور امریکی فوجیوں کے اقدامات کی وجہ سے اقتصادی صورتحال کے بدتر ہونے کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کے جنوبی الحسکہ صوبے کے متعدد دہی علاقوں کے عوام نے امریکی پابندیوں اور اس ملک کے فوجیوں کی شام میں موجودگی نیز امریکا کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کی کاروائیوں کے خلاف مظاہرے کئے۔
شام کے ان علاقوں کے عوام نے ملک کی بدتر اقتصادی صورتحال کو یاد کرتے ہوئے امریکا کے خلاف نعرے بازی کی کیونکہ امریکی فوجی ان علاقوں میں غیر قانونی طریقے سے موجود ہیں۔
دوسری جانب جنوبی الحسکہ کے شہر الشدادی کے شہریوں نے امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورس کے ہاتھوں کچھ شہریوں کی گرفتاری پر اعتراض کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
الشدادی شہر کے شہریوں نے سیرین ڈیموکریٹک فورس پر اعتراض کرتے ہوئے ٹائروں کو جلا کر اور بڑے بڑے پتھر رکھ کر راستے بند کر دیئے اور قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔