عراق، داعشیوں کے خلاف ملکی فورسز کی کاروائی جاری
عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں حاصل ہونے والی کامیابی کی تیسری سالگرہ کے موقع پر اس ملک کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے مشرقی عراق کے صوبے صلاح الدین میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے اپنی کاروائی شروع کر دی۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ الحشد الشعبی کے چونتیسویں بریگیڈ نے جمعرات کی صبح، صوبے صلاح الدین کے جنوبی علاقوں میں داعشی عناصر کا صفایا کرنے کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر اپنی کاروائی شروع کر دی ہے۔
اس بیان کے مطابق صلاح الدین کے جنوبی علاقوں اور بلد کے مضافاتی علاقوں میں امن کے تحفظ اور تفتیش و جستجو نیز دہشت گرد عناصر کا تعاقب کرتے ہوئے حشد الشعبی کی پیش قدمی جاری ہے۔
عراقی فوج اور حشد الشعبی نے حالیہ دو دن میں عراق کے کئی صوبوں میں کاروائی کے دوران تفتیش و جستجو کا عمل جاری رکھا ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد عناصر عراق کے بعض علاقوں میں منجملہ دیالہ، کرکوک، نینوا، صلاح الدین، الانبار اور بغداد میں روپوش ہیں جو کبھی بھی دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔