Dec ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • عراق شہید سلیمانی اور شہید المہندس کی راہ جاری رکھنے کے لئے پر عزم

عراق کی النجبا تحریک کی سیاسی کونسل کے ترجمان نے تاکید کی ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید المہندس کی راہ کو بدستور جاری رکھا جائے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کی النجبا اسلامی مزاحمتی تحریک کے ترجمان نصر الشمّری نے داعش دہشت گرد ٹولے کی نام نہاد خلافت اور تسلط کے خاتمے کی سالگرہ پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے اس عظیم کامیابی کو فاتحانہ کاروائیوں کے عظیم کمانڈروں شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید جنرل ابومہدی المہندس اور تمام دیگر شہدا کے پاکیزہ خون نیز تمام بہادروں، جیالوں اور فداکاروں کے ایثار و فداکاری کا مرہون منت قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کوئی بھی اس عظیم کامیابی کا درخشاں رنگ پھیکا نہیں کر سکتا اور اس کی درخشندگی ہمیشہ باقی رہے گی۔ عراق کی النجبا اسلامی مزاحمتی تحریک کی سیاسی کونسل کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں امریکہ اور اسرائیل کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گرد ٹولوں کے مقابلے میں عراقی قوم کے شانہ بشانہ استقامت کا مظاہرہ کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قدردانی کی۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے سوشل میڈیا صارفین نے داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں کامیابی کی تیسری سالگرہ کے موقع پر عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی جاں فشانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ’یوم النصر‘ کا ہیشٹیگ ٹرینڈ کیا ہے۔

دریں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے ایک تقریب میں کہا ہے کہ داعش دہشت گرد ٹولے کے مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے عراقی قوم نے جو عظیم کارنامہ انجام دیا ہے اس نے پوری دنیا کو حیرت زدہ، دوستوں کو خوش اور دشمنوں کو مایوس کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ خداوند عالم کی نصرت، عراق کی اعلی دینی قیادت کے فتوے اور شہیدوں خاص طور سے داعش دہشت گرد ٹولے کے مقابلے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور کامیاب کاروائیوں کے کمانڈروں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی جاں فشانی سے دہشت گردوں کا صفایا ہوا، دشمن اپنے مقصد میں ناکام ہو گئے اور جارحانہ عزائم رکھنے والوں کو بری طرح سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے فتوے سے سن دو ہزار چودہ میں قائم ہوئی جس نے عراق میں دہشت گردی کی بیخ کنی اور دہشت گردوں کو شکست دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، اس وقت بھی عراق میں داعش دہشت گرد ٹولے کی باقیات کے خلاف مہم میں ملک کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر اپنا اہم اور بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔

ٹیگس