امریکہ غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے لئے ممالک کو جھانسا دے رہا ہے: ایران
امریکہ مختلف ممالک کو فلسطینی کاز کو قربان کر کے زمین ہڑپنے والوں کے ساتھ ہاتھ ملانے پر اکسا رہا ہے۔ یہ بات ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہی۔
ارنا نیوز کے مطابق ایران کی وزارت امور خارجہ نے جمعے کی شب ایک ٹوئیٹ کیا امریک غاصب صیہونی ٹولے کے ساتھ دوستی پر دیگر ممالک کو آمادہ کرنے کے لئے مختلف ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے، یا تو انہیں خود ساختہ بلیک لسٹ سے خارج کرنے کا ڈھونگ رچتا ہے، اور کبھی انہیں ایف پینتیس جنگی طیارے دینے کی بات کرتا ہے یا پھر اسرائیلی قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوشش کرتا ہے۔
بیان میں مزید آیا ہے کہ امریکہ کا یہ عمل امن اور ڈپلومیسی کا نہیں بلکہ رشوت اور داداگری کا مصداق ہے۔
وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کر کے یہ دعوا کیا تھا کہ عرب امارات کو براہ راست اسلحے کی فروخت اور اسکی دفاعی توانائیوں کو بڑھانا امریکہ کی قومی سکیورٹی کے اہداف کا حصہ ہے۔
اس سے قبل امریکی حکومت نے کانگریس کو یہ بتایا تھا کہ اُس نے عرب امارات کو اسلحے کی فروخت کی تائید کر دی ہے جس کے تحت اسے پچاس ایف پینتیس جنگی طیارے اور چودہ ہزار سے زائد مختلف اقسام کے بم اور دیگر ہتھیار فراہم کئے جائیں گے۔
اسکے علاوہ امریکی حکومت غاصب صیہونی ٹولے کے فلسطینی علاقے پر قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوششوں کے ذریعے بعض عرب ممالک کو اس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے ترغیب دلا رہی ہے۔