افغانستان میں داعش کا ایک اہم سرغنہ گرفتار
Dec ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں نیشنل سیکورٹی ادارے کی خصوصی فورس کے کمانڈر نے داعش دہشتگرد گروہ کے مالی امور کے سرغنہ کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ننگرہار میں نیشنل سیکورٹی کے ادارے کی خصوصی فورس کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ ایک اسپیشل آپریشن میں داعش کے مالی امور کے انچارج جعفر الخراسانی کو اس کے ایک ساتھی کے ہمراہ شہر جلال آباد میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ننگرہار میں نیشنل سیکورٹی فورس کے کمانڈر نے داعش کے اس سرغنہ کی تصاویر شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نابینا ہے ۔
اس سے قبل افغان سیکورٹی حکام نے کہا تھا کہ داعش کے کچھ دہشتگرد صوبہ ننگرہار میں پکڑے گئے ہیں۔
داعش دہشتگرد گروہوں نے حالیہ برسوں میں افغانستان میں خونریز حملے انجام دئے ہیں۔ ان حملوں میں بڑی تعداد میں عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔