غزہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی کوششوں سے مضبوط ہوا : تحریک جہاد اسلامی
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے کہا ہے کہ آج غزہ کی طاقت، استقامتی محاذ کے عظیم کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی جدوجہد اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد نخالہ نے فلسطینی استقامت کی مدد کے سلسلے میں قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے کردار کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ستون محکم نامی حالیہ فوجی مشقوں نے ثابت کردیا کہ فلسطینی عوام اس وقت ہمیشہ سے زیادہ مضبوط ہیں۔ زیادہ نخالہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ بعض عرب حکام کی سازباز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے ثابت کردیا کہ وہ کبھی بھی فلسطین کے ساتھ نہیں تھے اور آج بھی صیہونی دشمن کی اصلی ماہیت کو نہیں پہچانتے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے میزائل اور انواع و اقسام کے ہتھیار بنانے میں استقامت کی کامیابی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ چونکہ امریکہ کی مداخلت اور صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات کی وجہ سے علاقہ حساس حالات سے دوچار ہے ، اس لئے فلسطینی استقامتی محاذ خود کو دشمن کے ساتھ ہر طرح کی ممکنہ جنگ کے لئے تیار کئے ہوئے ہے۔غزہ میں پہلی بار تیس دسمبر دوہزار بیس کو فلسطین کے بارہ گروہوں کی مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان فوجی مشقوں کا عنوان رکن الشدید یعنی ستون محکم تھا۔
دوسری جانب فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے زور دے کر کہا ہے کہ ملت فلسطین ، ہرگز صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے تحریک انتفاضہ کی سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ ملت فلسطین نے بہت سے مسائل و مشکلات کو برداشت کیا ہے اور اب بھی صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات اور بیت المقدس کا تشخص تبدیل کرنے کے لئے ان کی مذموم سازشوں کا سامنا کررہی ہے ۔محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ داخلی محاذ کو مضبوط بنانے کے لئے قومی مفاہمت، انتخابات کے انعقاد اور غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں سے تمام فلسطینیوں کو آزاد کرانے کی کوشش جاری رکھے گی۔