Jan ۱۰, ۲۰۲۱ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • کابل میں حکومت افغانستان کے ایک ترجمان کا قتل

افغانستان کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت کابل کے جنوبی علاقے کارتہ نو میں ایک مقناطیسی بم کے دھماکے میں ترجمان ادارۂ سکیورٹی امور کی گاڑی تباہ اور ترجمان ضیا ودان اپنے دو ساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں اس حملے کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کئے جانے والے دہشت گردوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا تعلق طالبان گروہ سے ہے۔

طارق آرین نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف جلد سے جلد قانونی کاروائی کر کے سزا دی جائے گی۔

ہفتے کے روز بھی کابل ایرپورٹ کے راستے میں ایک گاڑی مقناطیسی بم دھماکے کا نشانہ بنی اور تباہ ہو گئی تھی جس میں ایک شخص مارا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کابل میں دہشت گردانہ حملے تیز ہو گئے ہیں جن میں سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اگرچہ طالبان نے حال ہی میں کابل سمیت افغانستان کے مختلف علاقوں میں اس قسم کے ہونے والے حملوں میں اپنے ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم حکومت اور سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں ملوث جن افراد کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے انہوں نے اپنا تعلق طالبان گروہ سے بتایا ہے۔

ٹیگس