Jan ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • حزب وحدت اسلامی کے سربراہ محمد کریم خلیلی کی اسلام آباد میں مصروفیات

حزب وحدت اسلامی کے سربراہ کی پاکستان کے آرمی چيف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتوں میں افغان امن عمل کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد کے دورے پر آئے حزب وحدت اسلامی کے سربراہ کریم خلیلی نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کے آرمی چیف قمر باجوہ سے ملاقات کی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے افغان حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، ترقی کرتا افغانستان، پاکستان اور خود اس کے اپنے مفاد میں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین کریم خلیلی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور پاک افغان تعلقات پر آرمی چیف کے وژن کو سراہا۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب وحدت اسلامی کے چيرمین کے ساتھ ہونے والی بات چيت کے دوران کہا کہ افغان تنازعے کا کوئی عسکری حل نہیں، افغانستان تنازعے کا حل بات چیت ہی کے ذریعے  ممکن ہے، افغان قیادت کو پائیدار امن کے حصول کے لیے اس تاریخی موقع کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہوں کہا کہ امن دشمن، خطے اور افغانستان میں امن کو لوٹتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزبِ وحدت اسلامی کے سربراہ استاد محمد کریم خلیلی اور ان کے وفد کا استقبال کیا اور پرامن، معتدل اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کی حمایت کے تسلسْل کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہب، تاریخ، ثقافت اور روایات کے بندھن سے باہم منسلک ہیں، دونوں برادر اور ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید استحکام کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔

 

ٹیگس