Jan ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل مسجد الاقصی میں صیہونی جرائم روکنے کے لئے اقدام کرے: فلسطین

فلسطین کی محدود اختیارات کی حامل حکومت کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی جرائم روکنے کے سلسلے میں اپنی سیاسی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری پر عمل کرے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مسجد الاقصی کی مغربی دیوار کے اطراف میں اور باب المغاربہ کے قریب صیہونی حکومت کی جانب سے کھدائی کی مذمت کی اور کہا کہ دیوار براق کے اطراف میں خودساختہ صیہونی حکومت کی جانب سے کھدائی کا مقصد اسے یہودی علاقہ بنانا ہے۔ 

فلسطین کی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت مقبوضہ بیت المقدس کے سلوان علاقے پر نظریں گاڑے ہوئے ہے اور اس علاقے کو صیہونی حکومت کی روزانہ جارحیت کا خطرہ ہے اور اس کا مقصد اس علاقے سے فلسطینیوں کو باہر نکال کر ان کی زمینوں پر قبضہ کرنا ہے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے دیوار براق کے اطراف میں صیہونی حکومت کی کھدائی سے پیدا ہونے والے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کھدائی کا مقصد مسجد الاقصی اور اس کے اطراف کے علاقوں کو یہودی رنگ دے کر صیہونی اہداف کو آگے بڑھانا ہے اور یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

فلسطینی ذرائع نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے دیوار براق اور باب المغاربہ کے قریب کھدائی کا کام تیز کردیا ہے۔

قدس کے ادارۂ اوقاف اسلامی نے اسرائیل کی جانب سے کھدائی کے خطرات کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے کورونا سے پیدا ہونے والے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے خلاف اپنی جارحیت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:مسجد اقصیٰ کے دروازے کے قریب صیہونیوں کی کھدائی جاری

ٹیگس