Jan ۱۵, ۲۰۲۱ ۲۲:۵۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ

افغانستان کے صوبہ قندوز میں چیک پوسٹ پر حملے میں متعدد سرکاری اہلکار جاں بحق ہو گئے ہيں۔

افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 12 سے زائد اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

اس واقعے میں صوبائی کونسل کے ایک رکن بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔  

اطلاعات کے مطابق صوبے قندوز کے ضلع امام صاحب کی فوجی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں افغان فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا  ہے۔

قندوز کے گورنر کے ترجمان نے حملے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہراتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں 12 سے زائد سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جب کہ صوبائی کونسل کے ایک رکن بھی مارے گئے۔

طالبان نے قندوز حملے میں ملوث ہونے کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے تاہم قندوز میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف زیادہ تر کارروائیاں طالبان ہی نے کی ہیں۔

واضح رہے کہ قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے بین الافغان مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں اور اس دوران  پُرتشدد کارروائیوں اور دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 

 

ٹیگس