Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۵۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل بے لگام آگے بڑھ رہا ہے، فلسطینی وزیر کا انتباہ

فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورت حال پر خبردار کرتے ہوئے بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کو ضروری اور مؤثر قرار دیا۔

فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مغربی ایشیا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کانفرنسوں کا انعقاد فلسطین - اسرائیل تنازعہ میں تبدیلی کا ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینی علاقوں کی صورت حال مسلسل ابتری کی جانب گامزن ہے اور صیہونی حکومت واحد اور دائمی غاصب حکومت کی حیثیت سے بے لگام آگے بڑھتی جا رہی ہے۔

المالکی نے غاصبانہ توسیع پسندی کی ترغیب اور صیہونی آبادکاری کی حمایت پر مبنی امریکہ کی سابق ٹرمپ حکومت کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فلسطین کو نجات دلانے کی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ بیت المقدس کی مرکزیت میں فلسطینی مملکت کے قیام کے لئے کسی بھی طرح کی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد تئیس چونتیس کے مطابق مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کی کسی بھی قسم کی سرگرمیوں پر پابندی ہے، مگر اس کے باوجود خود ساختہ و غاصب صیہونی حکومت، فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار اور صیہونی کالونیاں تیار کر کے اپنی تسلط پسندانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹیگس