Jan ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • افغانستان کے بارے میں پاکستان و امریکہ کے وزرائے خارجہ کی گفتگو

پاکستان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون کے ذریعے نام نہاد افغان امن مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب آنٹونی بلینکن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اپنے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر واشنگٹن کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا ہے کہ سیاسی سمجھوتے کے ذریعے افغانستان میں قیام امن دونوں ملکوں کا ایک بنیادی ہدف ہے۔

درایں اثنا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سنیچر کو پاکستان کے سابق حکام پر افغان جنگ میں شامل ہونے کی بنا پر سخت تنقید کی اور اسے ایک بڑی غلطی قرار دیا۔طالبان کے ساتھ افغان حکومت کے مذاکرات گذشتہ ہفتوں تک قطر کے شہر دوحہ میں جاری تھے تاہم بعض ذرائع نے خبر دی ہے کہ امریکہ میں نئی حکومت برسراقتدار آنے تک اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ 

قابل ذکر ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بہانے امریکہ کی زیر قیادت قائم ہونے والے نام نہاد اتحاد نے دوہزار ایک اور دوہزار تین میں افغانستان اور عراق پر حملہ کیا تھا جس کا نتیجہ ان دونوں ملکوں میں تشدد و بدامنی میں اضافے کے سوا کچھ نہیں نکلا ۔  

 

 

ٹیگس