عراق میں عشرۂ فجر کی تقریبات کا سلسلہ جاری
عراقی عوام نے اپنے ملک کے مختلف شہروں میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے عشرہ فجر کی تقریبات کا انعقاد کیا۔
ایران پریس کے مطابق عراق میں اس سال بھی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جشن عشرہ فجر کی مناسبت سے بڑے پیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں عراقی شخصیات نے علاقے اور پوری دنیا پر ایران کے اسلامی انقلاب کے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔
عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں جہاں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) پندرہ برس تک مقیم رہے تھے ، وہاں عشرہ فجر کی تقریبات کا خاص اہتمام کیا گیا جو دیگر شہروں میں منعقد ہونے والے جشن انقلاب سے ممتاز و منفرد تھیں۔ اس سال بھی ان تقریبات میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل رہی ہیں۔
عراق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر جنرل حجت الاسلام و المسلمین غلام رضا اباذری نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر نجف اشرف میں اس سال عشرہ فجر کی تقریبات میں متعدد ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جن میں کتابوں کی نمائش بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دس روزہ نمائش کا موضوع جو عشرہ فجر کی مناسبت سے منعقد ہوئی ہے، بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے افکار و نظریات اور انقلاب اسلامی ہے۔ کتابوں کی اس نمائش کا اہتمام عراق میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندہ دفتر اور خانہ فرہنگ نے کیا ہے۔ نجف اشرف میں منعقد ہونے والی یہ نمائش اکتیس جنوری سے شروع ہوئی ہے اور دس فروری تک جاری رہے گی۔
درایں اثنا عراقی دارالحکومت بغداد میں بھی عشرہ فجر کی مناسبت سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عوام اور قبائل کے سرداروں نے شرکت کی ۔اس پروگرام سے خطاب کرنے والے مقررین نے ایران کے اسلامی انقلاب کے اہداف سے وفاداری اور عراق سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلاء تک استقامت جاری رہنے پر زور دیا اور شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کو خراج تحسین پیش کیا۔
عشرہ فجر کی مناسبت سے برصغیر پاک و ہند کے مختلف شہروں سمیت پوری دنیا میں تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جن میں ایک بڑی تعداد کورونا پروٹوکول کے پیش نظر آن لائن منعقد ہو رہی ہیں۔