شام میں روس کے فوجی اڈے پرحملے کی ناکام کوشش
Feb ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شام میں اسکے فوجیوں نے اپنے ایک مرکز پر ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ شام کے صوبے لاذقیہ میں واقع "حمیمیم ائربیس" پر دہشت گردوں کے ایک حملے کو ناکام بنادیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ حملہ جس میں راکٹ اور میزائیل استعمال کئے گئے، منگل کی شام مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجکر 45 منٹ پر کیا گيا۔ تاہم روس کے دفاعی سسٹم کے فعال ہوجانے کے سبب یہ حملہ ناکام ہوگیا۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ یہ حملہ ادلب میں موجود ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گردوں اور مسلح عناصر کے زيرقبضہ علاقوں سے کیا گیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے اور حمیمیم ائربیس اپنے مشن کی انجام دہی میں بدستور سرگرم عمل ہے۔