طالبان کو افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ کا انتباہ
افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ بے گناہ عوام کا قتل، امن کے حصول کو مشکل بنا سکتا ہے۔
اعلی قومی مصالحتی کونسل کے انسانی حقوق کمیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور عام شہریوں کا قتل عام کر کے کوئی بھی اقتدار تک نہیں پہنچ سکتا۔
انہوں نے ملک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافے پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح اقتدار حاصل کرسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے اور مذاکرات ہی اس کا واحد راستہ ہے۔
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جان لینا چاہیے کہ امن کے حصول کا راستہ مذاکرات کے ذریعے میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم اور بنیادی مسائل کو، میدان جنگ اور تشدد کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر حل کیا جاسکتا ہے۔
حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ کافی عرصے سے تعطل کا شکار ہے، جبکہ امریکہ کے مداخلت پسندانہ اقدامات اور عبوری حکومت کے قیام جیسے بیانات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔