شمالی بغداد میں داعشی عناصر اور حشدالشعبی کے جوانوں میں شدید جھڑپیں
پریس ذرائع نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے جوانوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی رپورٹ دی ہے۔
صابرین نیوز چینل کا کہنا ہے کہ النجبا تحریک کے جوانوں پر مشتمل الحشدالشعبی کے بارہویں بریگیڈ کے اہلکار، بغداد کے شمال میں واقع الطارمیہ کے علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بھی الطارمیہ کے علاقے میں عراقی فوج کی کاروائیوں کا جائزہ لیا ہے اور داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے تمام عناصر کا صفایا کئے جانے تک کاروائیاں جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
الطارمیہ کا علاقہ بغداد کی سیکورٹی بیلٹ کا حصہ شمار ہوتا ہے۔ عراقی فوج نے بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کے بعد داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کردی ہیں اور ابتک داعش کے کئی سرغنہ ہلاک بھی کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں تاکہ عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے۔