عرب لیگ میں شام کی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ
عراق کے وزیر خارجہ نے شام کو عرب لیگ میں واپس لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے دنیائے عرب میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط کرنے کے مقصد سے شام کو دوبارہ عرب لیگ میں شامل کرنے کی تاکید کی ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے منگل کو سعودی عرب میں خلیج فارس تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نائف الحجرف سے ملاقات کی۔
انہوں نے اس گفتگو میں اس بات پر تاکید کی کہ شام کو عرب لیگ میں واپس لایا جانا چاہئے کیونکہ دمشق عرب لیگ کے بانی ممالک میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام، عرب لیگ کے تمام رکن ممالک کے مفاد میں ہے۔ اس سے پہلے الجزائر بھی عرب لیگ میں شام کی واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں امن و استحکام، خلیج فارس پر مثبت اثرات مرتب کرے گا، ایسے میں متعدد شعبوں میں اس لیگ کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ بحران شام کے وقت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ کی وجہ سے عرب لیگ نے 2011 میں اس ملک کی رکنیت ختم کر دی تھی۔