افغانستان میں طالبان کے سرغنہ کی ہلاکت
افافغانستان کے صوبے بغلان میں افغان فوج کی کارروائی میں طالبان گروہ کا ایک کمانڈر ہلاک ہو گیا
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بغلان کے علاقے نہرین میں افغان فوج کی ایک کاروائی میں قاری زاہداللہ نامی طالبان کا ایک اہم کمانڈر اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے چار دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس کارروائی میں ان کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل شمال مغربی پاکستان میں بھی طالبان گروہ کا ایک کمانڈر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہو گیا تھا۔
پاکستان کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ افغان طالبان کا ایک سینیئر کمانڈر مولوی عبدالہادی صوبے خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔
ایک ماہ قبل بھی پشاور میں ملا عبدالصمد تور نامی طالبان کا ایک سینیئر کماںڈر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ابھی تک کسی بھی شخص یا گروہ نے ان دونوں ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔