دیالہ میں داعش کے خلاف آپریشن کا آغاز
Mar ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
حکومت عراق نے صوبہ دیالہ کے مشرقی نواحی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کی باقیات کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج اور سیکورٹی فورس کے جوان صوبہ دیالہ کے شہر بعقوبہ کے نواحی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے باقی ماندہ عناصر کا تعاقب کر رہے ہیں۔
مذکورہ فوجی آپریشن، داعشی عناصر کی جانب سے جنوبی بعقوبہ کے دیہات بہرز پر راکٹوں سے کیے جانے والے حملے کے بعد شروع کیا گیا ہے۔
داعش کے عناصر نے پچھلے چند روز کے دوران بہرز اور اس کے گرد و نواح میں واقع علاقوں کو بارہا راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں کسانوں اور چرواہوں کی املاک نیز جانوروں کو نقصان پہنچا ہے۔
عراقی سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بعقوبہ اور اس کے نواحی علاقوں میں یہ کارروائی داعش کی باقیات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔