ایران پر عائد پابندیوں کو فورا ہٹایا جائے: اردوغان
ترکی کے صدر نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کو فوری طور پر ختم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
رجب طیب اردوغان نے جمعرات کو اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کے چودھویں سربراہی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے، جو ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے سے مغربی ایشیا کی معیشت اور ثبات کو حاصل ہونے والے فوائد کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ تہران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں جلد از جلد ختم ہو جائيں گي۔
انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایران پر یکطرفہ طور پرلگائی گئي پابندیوں کا خاتمہ اور اسی طرح ایٹمی معاہدے اوراس کے تحت ذمہ داریوں کی انجام دہی کی جانب تمام فریقوں کی واپسی ہمارے خطے کی اقتصادی رونق اور ثبات میں بہت زیادہ معاون ہے۔
ترکی کے صدر نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ ایران کے خلاف لگائي گئي پابندیاں جلد سے جلد ختم ہو جائيں گي۔ رجب طیب اردوغان نے اسی طرح ون بیلٹ، ون روڈ کے نام سے موسوم پروجیکٹ کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ استنبول-تہران-اسلام آباد ریلوے لائن کا کام آخری مراحل میں ہے۔