Mar ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • افغانستان میں امریکی فوجیوں کو باقی رکھنے پر واشنگٹن کا اصرار

طالبان گروہ کی شدید مخالفت کے باوجود واشنگٹن نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کو باقی رکھا جائے گا-

امریکی وزیرخارجہ بلینکن نے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے اجلاس میں کہا ہے کہ دوحہ سمجھوتے کی بنیاد پر بائیڈن انتظامیہ نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

انٹونی بلنکن نے بائیڈن انتظامیہ کے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ کا خاتمہ کر کے ہی امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جا سکتا ہے اس لئے کہ اس بات کا یقین حاصل ہونا ضروری ہے کہ افغانستان اب دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ دیگر بین الاقوامی معاہدوں اور سمجھوتوں کی طرح قطر سمجھوتے کو بھی نظرانداز کرکے جنگ، دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ کے فروغ اور امن کے عمل میں تعطل کا باعث بنا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے دوحہ سمجھوتے کے تحت آئندہ مئی سے افغانستان سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس