Mar ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • افغانستان میں امریکی منصوبے کی مخالفت

افغانستان کی اخوت اسلامی کونسل کے شرکا نے اپنے ہفتے وار اجلاس میں افغانستان میں مخلوط حکومت کی تشکیل کے بارے میں امریکہ کے تفرقہ انگیز منصوبے پر اپنی سخت مخالفت کا اظہار کیا ہے۔

آوا نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ خاتم النبیین میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں افغانستان کے مختلف مسائل کا جائزہ لیا گیا خاص طور سے افغان گروہوں میں صلح و مفاہمت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس اجلاس میں افغانستان میں طالبان کی شمولیت سے عبوری حکومت کے سلسلے میں امریکی منصوبے کو افغانستان کے داخلی امور میں کھلی مداخلت قرار دیا گیا-

اس کونسل نے اپنے اصولی موقف پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ افغانستان میں صرف وہی امن و صلح قابل قبول ہوسکتی ہے جس کے تحت ملک سے جنگ کا خاتمہ اور افغان شہریوں کے حقوق بحال کئے جا سکتے ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے نام اپنے دھمکی آمیز مراسلے میں ان سے کہا تھا کہ وہ افغانستان میں طالبان کی شمولیت سے عبوری حکومت کے قیام سے متعلق امریکی منصوبے کو قبول کرلیں۔

اس مراسلے پر افغانستان کی مختلف جماعتوں، گروہوں اور افغان حکام و عوام نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگس