مآرب پر سعودی بمباری، عوامی فورسز کی پیشقدمی کو روکنے کی ناکام کوشش
سعودی جنگی اتحاد کے طیاروں نے صوبہ مآرب کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی۔
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی اتحاد کے طیاروں نے صوبہ مآرب کے رہائشی علاقوں "مدغل" اور "صرواح" پر 12 مرتبہ بمباری کی۔ ہونے والے حملوں سے جانی نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
مآرب پر بمباری ایسے میں کی گئی کہ انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے جمعرات کو کہا تھا کہ صوبہ مآرب میں سعودی جنگی اتحاد کے اہم اور اسٹریٹیجک فوجی مراکز ہمارے کنٹرول میں آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مآرب کے مغربی علاقے آزاد کرالیے گئے ہیں اور یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی پیشقدمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
انصاراللہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ جب تک یمن پر حملے جاری رہیں گے جارحین کے خلاف ہماری جنگ بھی جاری رہے گی اور ہر حملے کا میزائلوں کے ذریعے جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یمنی فوج، سعودی عرب کی آرامکو آئل فیلڈ کو پھر نشانہ بنائے گی اور ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ یہ پوری دنیا کو تیل فراہم کرتی ہے۔
انصار اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران یمن کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا بلکہ یہ جارح ممالک ہیں جو بحران کے حل کو زبردستی ایران سے نتھی کرکے مغربی ملکوں کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کا موقع فراہم کرتے ہیں۔