Mar ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں باقی رہنے کی امریکی کوشش

افغانستان میں تعینات امریکی فوجی کمانڈ کے سربراہ نے دعوی کیا ہے کہ افغان فوج کو طالبان کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کی حمایت کی ضرورت ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے امریکی فوج کے کمانڈر جنرل ریچرڈ کلارک نے افغانستان میں اپنی موجودگی کی توجیہ کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ افغان فوج کو ملک کی سلامتی کے تحفظ اور خاص طور سے طالبان کے مقابلے میں امریکی حمایت کی ضرورت ہے۔

مذکورہ امریکی کمانڈرنے مزید کہا کہ افغان سیکورٹی فورس کو جو توانائی امریکہ فراہم کر رہا ہے وہ بقول ان کے افغانستان کو درپیش خطرات اور خاص طور سے طالبان کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے انتہائی حیاتی اہمیت رکھتی ہے۔

جنرل کلارک نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب افغان عہدیداروں اور اس ملک کے عوام کا کہنا ہے کہ ملک کے سیکورٹی ادارے بدامنی پر قابو پانے اور طالبان و داعش کے خلاف جنگ کی پوری توانائی رکھتے ہیں اور وہ امریکہ کو اپنے ملک میں بدامنی اور تشدد کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ فروری دوہزار بیس میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والےدوحہ معاہدے کے تحت تمام امریکی فوجیوں کو اگلے ماہ اپریل کے اختتام تک افغانستان سے نکل جانا چاہیے۔ تاہم واشنگٹن، دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ نیز دیگر بہانوں سے افغانستان پر اپنا فوجی تسلط باقی رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اسی دوران افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ امن بیرونی معاہدوں سے نہیں بلکہ بین الافغانی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام امن اور ترقی کے خواہاں ہیں بنا بر ایں طالبان اور تمام سیاسی دھڑوں کو اس پر توجہ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہری حقوق اور آزادیوں کا احترام کسی بھی ملک کی ترقی و پیشرفت کے لیے ضروری ہے لہذا طالبان سمیت تمام گروہوں کو اسکا پورا پورا دھیان رکھنا ہوگا۔

افغانستان کے سابق صدر نے مزید کہا کہ خواتین کی آزادی اور ان کے حقوق کے معاملے پر طالبان کے ساتھ مسلسل بات چیت کی جارہی ہے اور اس حوالے سے ان کے سوچ میں کافی حد تک تبدیلی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

حامد کرزئی نے ، جو خود بھی افغانستان کی قومی امن کونسل کی رہبر کمیٹی کے رکن ہیں، یہ بات زور دے کر کہی کہ صرف افغانیوں کے درمیان طے پانے والا سیاسی سمجھوتہ ہی ملک میں امن کی مضبوط بنیاد فراہم کرسکتاہے، باہر سے مسلط کیا جانے والا سمجھوتہ نہیں۔

ٹیگس