سعودی عرب کے ملک خالد ایر بیس پر ڈرون حملہ
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے ملک خالد ایر بیس پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج کے" قاصف کے ٹو " قسم کے دو ڈرون طیاروں نے صوبہ عسیر کے خمیس مشیط علاقے میں ملک خالد ایئربیس پر بمباری کی ہے ۔
یمنی فوج اور رضاکار فورس نے حالیہ مہینوں میں جنوبی سعودی عرب میں واقع جیزان اور ابہا ہوائی اڈوں اور ملک خالد ایئربیس کو کئی بار اپنے ڈرون اور میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔
جیزان اور ابہا ہوئی اڈے اور ملک خالد ایئربیس سے ہی جارح سعودی اتحاد یمن پر حملوں کے لئے مدد اور ایندھن حاصل کرتا ہے۔
درایں اثنا یمن کی آئل کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے یمن کے دو بحری جہاز روک لئے ہیں ۔یمن کی قومی آئل کمپنی کا کہنا ہے کہ ان دونوں آئل ٹینکروں کو روکے جانے کے بعد سعودی عرب کے ہاتھوں روکے جانے والے یمن کے ایندھن کے حامل جہازوں کی تعداد دس ہوگئی ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق جن جہازوں کو جارح سعودی اتحاد نے روکا ہے ان کے پاس اقوام متحدہ کا لائسنس موجود ہے۔
یمن گذشتہ چھے برس سے جارح سعودی اتحاد کے حملوں اور سنگین بحری ، بری اور فضائی محاصرے کا شکار ہے جس کے باعث اس ملک کو غذائی اشیاء اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔