Apr ۰۲, ۲۰۲۱ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کا غیر انسانی اقدام، یمنی عوام کیلئے تیل کے حامل 2 بحری جہازوں کو روک دیا

یمن کی نیشنل آئل کمپنی نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے یمنی عوام کیلئے تیل کے حامل 2 بحری جہازوں کو روک دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل آئل کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے تیل کے حامل 2 بحری جہازوں کوعالمی اجازت نامہ ہونے کے باوجود روک دیا ہے۔ اس طرح جارح سعودی اتحاد کی جانب سے تیل کے حامل بحری جہازوں کو روکے جانے کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ یہ ایسے میں ہے کہ  یمن کی نیشنل آئل کمپنی نے بدھ کے روز کہا تھا کہ سعودی اتحاد نے تیل کے حامل 2 بحری جہازوں کو چھوڑ دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔

 سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات، اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی شہید کردیا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب ، یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔

ٹیگس