جارحین، یمنی بے گھروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں: یمنی مرکز برائے انسانی حقوق
یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ سعودی - امریکی جارح اتحاد اور ان کے پٹھو کرائے کے فوجی یمن کے بے گھر افراد کے کیمپوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس مرکز نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کر کے یمن کے بے گھر افراد کے کیمپوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے سعودی - امریکی جارح اتحاد اور ان کے پٹھو کرائے کے فوجیوں کے اقدام کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اتحاد مآرب شہر کے مضافات میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ کے بیچ میں مورچہ بنا رہا ہے۔
یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے کیمپوں کا استعمال جنگی جرائم سے بھی بدتر ہے جو مآرب صوبے میں انجام دیا جا رہا ہے جبکہ یہ صوبہ سعودی عرب کے قبضے میں اور اس کے فوجیوں کے کنٹرول میں ہے۔ اس مرکز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے رابطہ کرنا اور دنیا کے تمام حریت پسند انسانوں سے یہ اپیل کرنا چاہتا ہے کہ وہ جلد از جلد اس معاملے میں مداخلت کریں اور بے گھر یمنیوں کو غیر انسانی اقدامات سے نجات دلائيں۔