سعودی فوجی ٹھکانے یمنی فورسز کے حملوں کی زد میں
یمن کی فوج کی فضائیہ نے حنوبی سعودی عرب کے جیزان ہوائی اڈے میں فوجی تنصیبات اور ملک خالد ایئربیس پر جوابی ہوائی حملہ کیا ہے -
المسیرہ چینل نے بریکینگ نیوز میں بتایا ہے کہ یمن کی فضائیہ نے جيزان ائرپورٹ اور شاہ خالد ائربیس پر جنگی طیاروں کے ہینگرز کو نشانہ بنایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے فضائی یونٹ نے اتوار کی صبح جیزان اور خمیس مشیط میں سعودی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی خبردی ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحی سریع کے بیان کے مطابق مسلح افواج کے فضائی دستے نے جیزان اور شاہ خالدائربیس پر جنگی طیاروں کے ہینگرز کو قاصف کے ٹو قسم کے دو ڈرونز کے ذریعے بہت ہی مہارت کے ساتھ اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ نے یحی سریع کے حوالے سے اپنی بریکنگ نیوز میں بتایا ہے کہ یہ کامیاب فوجی حملہ یمن کےمحاصرے اور ملت یمن کے خلاف سعودی فوجی جارحیت کے جواب میں انجام پایا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج جسے عوامی فورسز کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے، چھے سال سے زیادہ عرصے کی استقامت کے بعد جارحین کے خلاف جوابی حملوں کی پوزیشن میں آگئی ہے، سعودی عرب کے اندر فوجی ٹھکانوں پر ڈرون اور میزائیلی حملے اور اس کے ساتھ مآرب کے محاذ پر کامیابی نے سعودی اتحادیوں کے حوصلوں کو بری طرح سے پست کردیا ہے۔
گذشتہ برسوں کے دوران یمنیوں کے میزائیلی اور ڈرون حملوں نے جارح سعودی اتحاد کے مقابلے میں طاقت کے توازن کو یمن کے حق میں تبدیل کردیا ہے۔
دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کا ظالمانہ محاصرہ جاری رہنے کے باعث ہر پانچ سیکنڈ میں ایک یمنی بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔
محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمنی بچوں کا قتل یمنی عوام کے خلاف جارح قوتوں کی کھلی دہشت گردی ہے ، جنھوں نے تمام حدیں پار کرلی ہیں اور وہ جان بوجھ کر قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔
محمد علی الحوثی نے مزید کہا کہ آج کل بین الاقوامی ادارے امریکہ ، برطانیہ ، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے دشمنانہ اور ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرنے کے بجائے مال بردار بحری جہازوں کو یمنی ساحل پر لنگراندازہونے کی اجازت دینے جیسے ان کے انتہائی معمولی سے اقدام پران کا شکریہ ادا کررہے ہیں -
اس بیچ یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے رمضان المبارک کی آمد پر بھی جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمنی عوام کا محاصرہ جاری رکھنے کو غیرانسانی اقدام قراردیا۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اورتحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ ایسے عالم میں جب ایک بار پھر ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جارح سعودی عرب گذشتہ سات برسوں سے یمنی عوام کے ساتھ دشمنی کررہا ہے اور وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے ۔
جارح سعودی اتحاد کے حملوں کے خلاف یمن کی تحریک انصاراللہ کا احتجاج ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ جب گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جارحین نے یمن کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں صعدہ کے الرقو علاقے میں دوعام شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔