جدہ ائرپورٹ عارضی طور پر پروازوں کیلئے بند
سعودی عرب نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جدہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کو ہرقسم کی پروازوں کے لیے بند کردیا ہے۔
ہنگامی صورتحال میں ایئرپورٹ کی بندش سے دنیا بھر سے آنے اور جانے والی سو سے زائد پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ بیشتر پروازوں کو مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے بعد ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس وقت جدہ ائیرپورٹ پر تیار درجن بھر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی جبکہ مختلف ممالک سے جدہ پہنچنے والی پروازوں کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں ہی ہولڈ پر رکھا گیا۔
بیشتر پروازیں فضائی حدود میں ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت کے چکر کاٹنے کے بعد مدینۃ المنورہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی تھیں جبکہ کچھ پروازوں کو دیگر متبادل ایئرپورٹ پر روکا گیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ آج صبح دس بجے تک پروازوں کا شیڈول معمول پر نہیں آ سکا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بیشتر پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کی گئی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن سے وابستہ ذرائع نے اگرچہ جدہ ائرپورٹ کی عارضی بندش کی وجہ نہیں بتائی تاہم کہا جاتا ہے کہ یمن محاصرے اور نہتے شہریوں کے خلاف چھے سال سے جاری یک طرفہ جنگ کے بعد اب یمن کی عوامی فورسز نے سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے اور بیلسٹک میزائيل داغنے شروع کرديئے ہيں۔