سعودی عرب پر یمنی فوج کا جوابی حملہ
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب پر دو بیلسٹک میزائلوں اور سترہ ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یحیی سریع نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ حملہ یمن کے جاری ظالمانہ محاصرے اور سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا جس میں صماد تین قسم کے دس ڈرون طیاروں سے جدہ اور جبیل کے علاقوں اور آرامکو آئل کمپنی کی ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کی کہ قاصف ٹو کے، قسم کے پانچ ڈرون طیاروں اور بدر ایک قسم کے دو بیلسٹک میزائیلوں سے خمیس مشیط اور جازان کے اہم فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا۔
اس ترجمان کے بقول یہ جوابی حملے کامیاب رہے اور جب تک یمنی عوام پر سعودی جارحیت اور اس ملک کا ظالمانہ محاصرہ جاری ہے اس قسم کے جوابی حملے ہوتے رہیں گے۔
سعودی ذرائع ابلاغ نے اتوار کی رات دعوی کیا تھا کہ جیزان پر حملہ کرنے والے یمنی فوج کے پانچ ڈرون طیاروں اور ایک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔