Apr ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • شام: الحسکہ کے امریکی فوجی اڈے میں داعشی دہشت گردوں کی منتقلی

شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے الحسکہ میں اپنے غیر قانونی فوجی اڈے میں داعشی دہشت گردوں کو منتقل کیا ہے تا کہ وہ امریکہ کی زیرنگرانی قبائلی جنگجوؤں میں شامل ہو سکیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجیوں نے اپنے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے صوبے الحسکہ کے مشرق میں ساٹھ داعشی دہشت گردوں کو العمر علاقے منتقل کیا ہے تاکہ یہ دہشت گرد قبائلی جنگجوؤوں میں شامل ہو سکیں۔

اطلاعات کے مطابق شامی کردوں کی جیلوں میں قید 60 داعشیوں کو اپنے خاص اہداف کے تحت امریکہ نے " دیرالزور" میں واقع العمر آئل فیلڈ منتقل کردیا ہے۔

اس سے قبل شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے رپورٹ دی تھی کہ امریکی فوجیوں نے اپنے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے صوبے الحسکہ کے مشرق میں واقع الہول کی جیل سے چالیس داعشی دہشت گردوں کو شہر الشدادی میں اپنے غیر قانونی فوجی اڈے منتقل کیا تھا۔

مقامی ذرائع کے حوالے سے سانا نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ نے دو ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں اور ایک آپاچی ہیلی کاپٹر کے ذریعے 60 داعشیوں کو دیرالزور پہنچادیا ہے جہاں انہیں ضروری تربیت کے بعد جیش العشائر سے موسوم گروپ میں شامل کردیا جائے گا۔

امریکہ سے وابستہ جیش العشائر نامی گروہ " احمد الخبیل"  المعروف " ابوخولہ" کی نگرانی میں الجزیرہ نامی صحرا میں فعال ہے۔

شام کی العمر آئل فیلڈ بھی صوبہ دیرالزور میں واقع الجزیرہ نامی صحرا میں واقع ہے۔

گذشتہ ہفتے بھی شامی مخالفین سے وابستہ ذرائع نے اس جیل سے نو غیر شامی داعشی دہشت گرد قیدیوں کو منتقل کئے جانے کی خبر دی تھی۔ شام میں امریکی فوجی، داعشی دہشت گردوں کی مدد و حمایت کرتے رہے ہیں اور ضرورت کے مطابق ان عناصر کو ادھر سے ادھر منتقل کرتے ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام میں امریکی فوجیوں کا وجود غیر قانونی اور اس ملک کی حکومت کی اجازت کے بغیر ہے اور امریکہ کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

ٹیگس