Apr ۲۱, ۲۰۲۱ ۲۳:۲۳ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا کی آبدوز سمندر میں لاپتہ، تلاش جاری

انڈونیشیا کی بحریہ کی ایک آبدوز عملے کے ترپن افراد سمیت جزیرہ بالی کے قریب سمندر میں لاپتہ ہوگئی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق آبدوز کی گمشدگی کا علم اس وقت ہوا جب عملے کی جانب سے شیڈول کے مطابق رپورٹ نہیں کی گئی۔

 انڈونیشیا کی مسلح افواج  کے سربراہ نے  حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نانگلا نامی یہ آبدوز تربیتی مشق کے دوران ، اکیس اپریل کی صبح لاپتہ ہوئی ہے۔  انہوں نے بتایا ہے کہ ہمارا اندازہ ہے کہ یہ آبدوز بالی کے شمال میں ساٹھ میل دور گہرے سمندر میں کہیں  لاپتہ ہوئی ہے۔

آبدوز کی تلاش کے لیے امدادی آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس میں  انڈونیشیا کی بحریہ کے  خصوصی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ انڈونیشیا نے آسٹریلیا اور سنگاپور سے بھی مدد کی درخواست کی ہے جن کے پاس آبدوز ریسکیو آپریشن شپ کی سہولت موجود ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا کی بحریہ کو خدشہ ہے کہ اس کی یہ آبدوز سمندر میں  سات سو میٹر کی گہرائی میں ڈوب گئی ہے۔  

انڈونیشیا کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمن ساختہ آبدوز کو انیس سو اکیاسی میں بحریہ کے حوالے کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس