سعودی عرب کے اہم شہر جدہ کی بندرگاہ پر حملہ
سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمن کی مسلح افواج اور عوامی فورسز نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے شہر جدہ کی بندرگاہ پر حملہ کیا ہے۔
واس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت دفاع نے آج ہفتہ کے روز جدہ بندرگاہ پر حملے کی تائید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس فضائی حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے بدھ کی صبح کو بھی جنوبی سعودی عرب میں واقع ملک خالد ایئر بیس کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا۔ پچھلے چند روز کے دوران سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں میں تیزی کے بعد یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی عرب کے حساس علاقوں پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کے خلاف یک طرفہ جنگ ساتویں سال میں داخل ہوگئی ہے، جسے دفاعی امور کے ماہرین سعودی اتحاد کی شکست قرار دے رہے ہیں۔
دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر یمن کے خلاف جنگ کے تعلق سے مایوسی کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے سعودی عرب بار بار جنگ بندی کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔
ریاض کی توسیع پسندی ، جارحیت اور چھے سالہ محاصرے کو ختم نہ کئے جانے کی بناپر یمن نے سعودی اتحاد کی جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
یمنیوں کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد جو چیز جنگ کے ذریعے حاصل نہیں کرسکا اب اسے مذاکرات کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، جو ممکن نہیں ہے۔